بھٹکل :8؍ مارچ (ایس اؤ نیوز )سوشیل میڈیا پر وشوا کرما سماج (آچاری طبقہ ) کے خلاف ہتک آمیز پیغامات پوسٹ کئےجانےکے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتےہوئے بھٹکل وشواکرما طبقہ کے شری کالی کامبا ٹمپل چوتھنی بھٹکل کے عہدیداران و ذمہ داران کی طرف سے تحصیلدار کو میمورنڈم سونپا گیا۔
میمورنڈم میں تحریر کیاگیا ہے کہ 5مارچ کو فیس بک پر ہمارے وشواکرما سماج کےپیشے اور طبقے کے خلاف ہتک آمیز پیغامات پوسٹ کئے گئے ہیں۔ انہوں نےعوامی سطح پر اپنے پیغامات میں جو الفاظ استعمال کئے ہیں اس سے ہمارے طبقے اور ہمارےپیشے کی نہ صرف بے عزتی ہوئی ہے بلکہ ہمیں دکھ بھی پہنچا ہے۔ جس کے نتیجے میں ایک طبقے کے پیشے کی ہتک کئےجانے سے معاشرےمیں مساوات کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ رویہ جاری نہیں رہنا چاہئے۔ اور آئندہ دنوں میں ایسے پیغامات کہیں بھی پوسٹ نہ ہوں ۔ ان حالات کو دھیان میں رکھتےہوئے ہم آپ کو یہ میمورنڈم سونپتے ہوئے مطالبہ کررہے ہیں کہ خاطیوں سےپوچھ تاچھ کرتےہوئے ان سےمعافی نامہ لکھوا لیاجائے۔